بنگلور2جولائی(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا) بی جے پی کی کرناٹک یونٹ کے صدربی ایس یڈی یورپا نے اپنے طریقہ کار کو لے کر پارٹی میں گہراتے اختلافات کے پس منظر میں خبردارکیاہے کہ’’پارٹی مخالف سرگرمیوں ‘‘میں شامل پائے گئے افراد کے خلاف سخت کارروائی ہوگی چاہے وہ کتنے بھی بڑے ہوں۔ضلع یونٹس کے صدور اور عہدیداروں کی تقرری کو لے کر یدی یورپا کے خلاف عدم اطمینان پیدا ہوا ہے۔سابق نائب وزیراعلیٰ ایس یشورپپا کی قیادت میں بہت پارٹی عہدیداروں نے یدی یورپا کے’’یک طرفہ فیصلوں‘‘پرکھل کرسوال کھڑے کئے ہیں۔یہ لوگ تقرریاں منسوخ کرنے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ تقرریوں کو لے کر کور کمیٹی میں کوئی بحث نہیں ہوئی، لیکن یدی یورپا نے یہ ماننے سے انکارکیاہے۔اپنا رخ سخت کرتے ہوئے یدی یورپا نے کہا کہ پارٹی مخالف سرگرمیوں میں ملوث افراد کو نہیں بخشا جائے گا چاہے وہ کتنے بھی بڑے ہوں۔وہ پارٹی ریاستی یونٹ کے عہدیداروں کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔انہوں نے کسی کا نام نہیں لیا۔یدی یورپا نے کہاکہ پارٹی مخالف سرگرمیوں کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔اس مقصدکیلئے میں تادیبی کمیٹی کا اعلان کروں گا۔یشورپپا اس میٹنگ میں شامل نہیں ہوئے۔اجلاس میں پارٹی کے ریاستی انچارج پی مرلیدھر راؤ، مرکزی وزیر اننت کمار، سدانند گوڑا اور سددیشور اور سابق وزیراعلیٰ جگدیش شیٹٹار شامل ہوئے۔